• Jan 24 2024 - 19:01
  • 90
  • مطالعہ کی مدت : 6 minute(s)

ایران کے ہنر دستکاری | رضیہ اکبر

کسی بھی ملک کی شناخت اس کی قدیم تہذیب و ثقافت کی تاریخ سے اجاگر ہوتی ہے۔ ایران اپنی قدیم تہذیب کے توسط سے دنیا کی تاریخ میں تہذیب یافتہ ملکوں میں سے ایک سمجھا جاتا ہے.

کسی بھی ملک کی شناخت اس کی قدیم تہذیب و ثقافت کی تاریخ سے اجاگر ہوتی ہے۔ ایران اپنی قدیم تہذیب کے توسط سے دنیا کی تاریخ میں تہذیب یافتہ ملکوں میں سے ایک سمجھا جاتا ہے ۔ ایرانی تہذیب کا مظہر ایرانی آباو اجداد کے فن پاروں سے پایا جاتا ہے ۔ ایران کی دستکاری کو اگر ہم مشاہدہ کریں تو ثقافت اور تاریخ کی گہری جڑیں پائی جاتی ہیں۔ قبل از اسلام اور بعد از اسلام کی تاریخ میں یہ فن پارے نمایاں نظر آتے ہیں۔ ایران کے صنعت دستکاری دنیا کے تمام ممالک سے الگ ہے۔ جیسا کہ آپ جانتے ہیں دستکاری فنون لطیفہ کا ایک حصہ ہے ۔ ایران کی  سر زمین فنی ورثہ سے بہت غنی ہے ۔ ایران کے لوگ سچے فنکار ہیں جو تمام شعبوں جیسے فن تعمیر، مصوری، قالین سازی، لکڑی کی تراشی کاشی سازی (ٹائل) خطاطی میں بے مثال ہیں۔

اسلام کے بعد سامانیوں کے دور سے لے کر سلجوقی دور تک فن تعمیر کے بے مثال شاہکار نظر آتے ہیں۔ صنعت کو تاریخ اور تہذیب کا عکاس سمجھا جاتا ہے ۔ یہ صنعتیں در حقیقت لوگوں کی ثقافت اور ان کی صلاحیتوں اور مہارت کی نمائندگی کرتی ہیں۔ جو ملک کی معیشت پر بھی گہرا اثر چھوڑتی ہیں۔ ایران کی حکومت بھی دستکاری اور ثقافت کی سرپرستی کرتی ہے اور اس کو فروغ دینے کی بھر پور کوشش کر رہی ہے ۔ ایران ہر سال دستکاری کے عالمی دن کی مناسبت سے روایتی اور ثقافتی  اشیاء کی نمائش کا اہتمام کرتا ہے ۔ ایران دستکاری کے شعبے میں چین اور ہندوستان کے بعد تیسرا بڑا ملک ہے جو دستکاری کی فہرست میں پہلے نمبر پر ہے۔ دستکاری کی عالمی فہرست میں ایران کا صوبے اصفہان رجسٹرڈ ہے۔

ایران صنعت دستکار ی میں دوسرے ممالک سے بہت آگے ہے۔ قالین بافی  ایران کی ایک بہت اہم صنایع دستی (دستکاری) ہے  جو دنیا بھر میں بہت مشہور ہے ۔ ایرانی قالین سر زمین ایران کے تمدن و فرھنگ کی نشان دہی کرتے ہیں۔ تقریباً ہزار سال سے ایرانی قالین بانی کا ہنر اس قوم میں پایا جاتا ہے۔ سر زمین ایران کے روایتی انداز سے بنے  ہوئے قالین تیزا ور شوخ رنگوں میں پھولوں کے ڈیزائنوں کے حوالے سے مشہور ہیں۔ ایران کے شہر اور گاوں  میں بہت سارے ایسے افراد ہیں جو قالین بنانے مہارت  رکھتے ہیں اور ایسے مراکز ہیں جو یہ ہنر سکھاتے ہیں۔ مشہور ترین مراکز جہاں قالین بافی ہوتی ہے وہ کاشان، اصفہان، تبریز، مشھد، یزد، کرمان ہیں۔ شہر اور گاؤں میں سب سے مہنگا قالین ابر شیم سے بنا ہوا ہوتا ہے۔ ایران کی قالین بافی  کی صنعت زرمبادلہ کمانے کا ذریعہ بھی ہے ۔ دنیا کے مختلف ممالک میں ایرانی قالین کی بہت مانگ ہے ۔  تبریز قالینوں کے عالمی شہر کے طور پر بہت شہرت رکھتا ہے ۔ اور اس شہر کے ہاتھ سے بنے ہوئے قالین دنیا کی بہت ساری نمائیشوں میں رکھے گئے جنہیں شائقین کی طر ف  سے بہت زیادہ  پذیرائی ملی ہے

مشھد کو قیمتی پتھروں اور دیگر شہروں کے آرائیشی پتھروں سے بنائے گئے فن پاروں کا شہر کہا جاتا ہے ۔

خراسان معدنی و سائل جیسے فیروزہ ، عقیق، نیلم، یاقوت، عقیق سلمانی مروارید کے لحاظ سے ایک اہم صوبہ ہے۔ معیاد رنگ اور قیمت کے لحاظ سے فیروزہ کی بہترین قسم  اس صوبے کے شہر نیشا پور میں پائی جاتی ہے۔ دنیا بھر میں ایران کے فیروزہ کی بہت مانگ ہے۔

ایرانی صوبہ اصفہان بقول ایرانیوں کے اصفہان نصف جہان ہے ۔ اصفہان شہر فن تعمیری کے لحاظ سے بھی بہت اہمیت رکھتا ہے ۔ اصفہان شہر اپنی دستکاری کی وجہ سے دنیا بھر میں مشہور ہے ۔ دستکاری کے فنکار دنیا بھر میں شہرت یافتہ ہیں۔ یہ ایک حقیقت ہے کہ صوبہ اصفہان میں دستکاری کے فن پارے ایرانیوں اور غیر ملکی سیاحوں کے گھروں کی زینت ہیں ۔ اصفہان کے چاندی کے زیورات اپنی مثال آپ ہیں۔

اصفہان میں قائم ایک اور فن مینا کاری ہے۔ اس کے علاوہ شہر اصفہان خاتم کاری کے لئے بھی بہت شہرت رکھتا ہے ۔

دستکاری  کی عالمی فہرست میں ایران کے صوبے اصفہان ایک سو تئیس سے زائد دستکاری کی مختلف اشیاء کے ساتھ پہلا شہر ہے  جو عالمی فہرست میں رجسٹرڈ ہے ۔ ایران کے  سارے  شہر کسی نہ کسی صورت میں دستکاری  کے شعبے میں اہمیت کے حامل ہیں۔ دستکاری کی عالمی فہرست میں ایک اور ایرانی گاؤں صوبہ گیلان کا قاسم آباد ہے جو چادر شب  بافی کے لئے مشہور ہے ۔ چادر شب بافی  ایران میں بہت ہی مشہور  چادر ہے جو شادی بیاہ کے موقع پر تحائف کے طور پر پیش کرنے کے ساتھ ساتھ جہیز میں بھی دی جاتی ہیں۔ ایران کا صوبہ ہمدان مٹی کی برتنوں کی وجہ سے عالمی شہرت رکھتا ہے  یہ مٹی کے برتن خوبصورت نقش و نگار کی وجہ سے بہت خوبصورت نظر آتے ہیں اور فنکار کے لطیف احساسات کی ترجمانی کرتے ہیں۔ اپنی خوبصورت رنگ آمیزی کی وجہ سے عاملی شہرت رکھتے ہیں۔

ایران کے مختلف صوبو ں میں کڑھائی کا کام بھی کیا جاتا ہے تاہم زبخان کی کڑھائی دوسرے شہر وں کی نسبت زیادہ قدیمی اور اصلی ہے ۔ سیر جان قالی نما گلیم کی  منفرد بافت اور ساخت کی وجہ سے عالمی شہر کے طور پر رجسٹرڈ کروانے میں کامیاب ہوا ہے۔ ان قالیچوں کو بننے کے لئے کئی افراد کو ایک دوسرے کے ساتھ مل کر کام کرنا پڑتا ہے ۔ اسے دوسرے گلیموں کی طرح ایک آدمی بن نہیں سکتا۔ صوبہ خراسان میں بھی چاندی کے زیورات بنانے کا فن نمایا ں ہے ۔ ایرانی قوم کے  اپنے تخلیقی جذبے اور فنکاروں کی تخلیق کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ کہنا بجا ہے کہ ایران کی دستکاری دنیا میں ایک خاص مقام رکھتی ہے۔ فن مصوری ، ٹائل سازی، خاتم کاری، قالین بافی، مٹی کے برتن اور دستکاری کی دوسری اشیاء کے حوالے سے دنیا  بھر میں منفرد مقام رکھتا ہے ۔ ایران دنیا بھر میں منفرد مقام رکھتا ہے

ایرانی دستکاری کے فن پاروں کو دیکھ کر اس قوم کی فنی صلاحیتوں کی تعریف کیے بغیر انسان نہیں رہ سکتا ہے۔

ایران نے دستکاری کے شعبے سے وابستہ افراد کو عالمی مارکیٹوں تک رسائی دینے اور ان کی تیار کردہ اشیاء کی فروخت کو ممکن بنانے کے لئے حکومتی سطح پر اقدامات کر رہا ہے۔  ایران کے دستکاری کے خوبصورت فن پارے اپنی شناخت آپ رکھتے ہیں۔ دنیا بھر کے دستکاری کے فن پاروں میں پہچانے جاتے ہیں۔ ان کی خوبصورتی ، رنگ آمیزی اور نزاکت اپنے دور کی ترجمانی کرتے ہیں۔ جیسے کہ کہا جاتا ہے ۔ ہر ملک کی دستکاری اس کے ہنر کو اجاگر کرتی ہےاور دنیا میں اپنی شناخت کراتی ہے ۔ ایرانی کارمند، ہنر مند اپنی ہنر اور مہارت سے دنیا بھر میں شہرت رکھتے ہیں۔

کراچی پاکستان

کراچی پاکستان

تصاویر

فونٹ سائز کی تبدیلی:

:

:

: